ابو حمزہ نے جمعرات کو “البنیان المرصوص” نامی جنگ کی چھٹی سالگرہ کی مناسبت سے ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ القدس بریگیڈ کے پاس ایسے میزائيل ہیں جو پورے مقبوضہ فلسطین میں واقع تمام صیہونی مراکز اور اسرائيل کی حیاتی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج القدس بریگيڈ کے پاس سب سے زیادہ فوجی وسائل ہیں اور وہ سب سے زیادہ تعداد میں میدان میں موجود ہے، جس کا اس نے فلسطینی قوم اور امت مسلمہ سے وعدہ کر رکھا ہے۔
ابو حمزہ نے کہا کہ بنیان المرصوص جنگ کے اکاون دنوں کے دوران القدس بریگیڈ نے غزہ کے قریب واقع صیہونی کالونیوں سے لے کر غاصب صیہونی حکومت کے بڑے شہروں تک پر راکٹ فائر کیے تھے۔ فلسطین کی تنظیم جہاد اسلامی کی فوجی شاخ القدس بريگيڈ کے ترجمان نے کہا کہ اس جنگ میں اس بريگيڈ اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے حقیقی معنوں میں زمینی اتحاد اور اپنے وطن نیز انسانیت کے دفاع کا مظاہرہ کیا تھا۔