پاکستان نے ایک بار پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی افواہوں کو پروپگنڈہ مہم قرار دیا ہے۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر اورپی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر چوہدری محمد سرور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جس طرح کشمیر پہ موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اسی طرح فلسطین میں ہونیوالے مظالم جب تک جاری ہیں، اسرائیل سے تعلقات کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ عوامی امنگوں کو پس پشت ڈال کر کوئی قدم اٹھایا جائے۔
چوہدری محمد سرورکا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم بار بار یہ کہہ چکے ہیں کہ اب کسی قیمت پر پاکستان اپنی حیثیت اور طاقت کو دوسروں کے مفادات کیلئے استعمال نہیں کریگا۔ نہ ہم دنیا میں ہونیوالے مظالم پہ خاموش رہیں گے۔ اب تو فلسطینیوں کیلئے امریکہ اور یورپ میں بھی آوازیں بلند ہو رہی ہیں، ظلم کو زوال ہے، چاہے کشمیر میں ہو، چاہے فلسطین میں۔