اسلامی عفو و درگزر سے کام لینے کی ہدایت
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے حالیہ مظاہروں اور بلوؤں کے دوران پیش آنے والے حادثات کے حوالے سے اسلامی مروت و مہربانی سے کام لینے کی ہدایت فرمائی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے حالیہ مظاہروں اور بلوؤں کے دوران پیش آنے والے حادثاث میں اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں اور زخمی ہونے والوں کی صورت حال کے سلسلے میں کـچھ دنوں پہلے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں دی جانے والی تجاویز سے اتفاق فرمایا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کے جواب میں تاکید فرمائی ہے کہ ان تجاویز پر جلد سے جلد عمل درآمد کیا جائے اور ہر گروہ کے مشکوک افراد کے سلسلے میں ایسا رویہ اختیار کیا جائے جو اسلامی عفو و درگزر کے اصولوں کے قریب تر ہو۔
رہبر انقلاب اسلامی نے حالیہ مظاہروں اور واقعات کے فورا بعد ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی کو مظاہروں کے دوران بدامنی پیدا ہونے کی وجوہات اور اسباب و عوامل کا پتہ لگانے اور ان واقعات کے دوران جان سے ہاتھ دھونے والوں کے گھر والوں کی صورت حال کا فورا جائزہ لیئے جانے کی ہدایت فرمائی تھی اور اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے آپ کی ہدایت پر اس سلسلے میں رپورٹ تیار کر کے آپ کی خدمت میں پیش کردی۔
اس رپورٹ میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ موجودہ قوانین کی بنیاد پر ایسے عام شہری جن کا حالیہ مظاہروں اور بلوؤں میں کوئی ہاتھ نہیں تھا اور وہ جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہوگئے ہیں انہیں شہید کا درجہ عطا اور ان کے اہل خاندان کو شہید فاؤنڈیشن کی سرپرستی میں دے دیا جائے۔
مذکورہ رپورٹ میں حالیہ مظاہروں کے دوران کسی بھی عنوان سے اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کے ورثاء کو دیّت ادا کئے جانے اور ان کے گھر والوں کی دلجوئی کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی تجویز پیش کی گئ ہے کہ جو افراد حالیہ واقعات کے دوران سیکورٹی اہلکاروں سے مسلحانہ لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے ہیں، ان کے اور ان کے خاندانوں کے ماضی کا جائزہ لیا جائے اور اس کے بعد آبرومند اور عزت دار خاندانوں کو، مجرمانہ عمل انجام دینے والوں سے الگ کیا جائے، ان کے خاندانوں کی سرپرستی اور مناسب دلجوئی بھی کی جائے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے تیسرے گروہ کے افراد کے اہل خاندان کے ساتھ بھی اسلامی عفو و درگزر سے پیش آنے کی ہدایت فرمائی ہے جن پر حالیہ مظاہروں کے دوران شرپسندی اور بلوا پھیلانے میں شامل رہنے کا شک ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور تاکید کے مطابق کچھ دنوں پہلے سے صوبائی سطح پر حالیہ واقعات میں مارے جانے اور زخمی ہونے والوں کے معاملات کا جائزہ لینےکا کام شروع کردیا گیا ہے۔