ترجمان وزارت خارجہ نے مغربی ایشیا اور خلیج فارس میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کو کشیدگی اور بدامنی میں اضافے کا باعث قرار دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے اس خطے کے بارے میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے مداخلت پسندانہ بیان کی مذمت کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس اور اس خطے کے ملکوں کے اندرونی معاملات میں بیرونی طاقتوں کے مداخلت پسندانہ بیان کی مذمت کرتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران سمجھتا ہے کہ اس خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور خطے کی سیکورٹی کے بارے میں ان کے فارمولے بذات خود کشیدگی اور بدامنی بڑھنے کے عامل ہیں ۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل کو اس علاقے کے امور میں مداخلت کے بجائے، مشرق وسطی اور مغربی ایشیا میں اپنی مداخلت کے تخریبی اثرات کے لئے اپنی جواب دہی کو محسوس کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ عام شہریوں کا قتل عام ، دہشت گردی کی تقویت، منشیات کی پیداوار میں اضافہ اور تباہی و بربادی اس خطے میں نیٹو کی مداخلت کے نتائج ہیں ۔
سید عباس موسوی نے کہا کہ ایران کو دنیا کے ہرآزاد اور خود مختار ملک کی طرح رائج دفاعی پروگرام کا حق ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام دفاعی اور انسدادی ہے اور بے بنیاد اعتراضات اور تشویشوں کا اظہار، اپنے دفاعی میزائلی پروگرام کی تقویت پر مبنی ایران کی پالیسی کو متاثر نہیں کرسکتا۔