افغان سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں کمانڈر سمیت 32 طالبان ہلاک ہوئے۔
افغانستان کی سکیورٹی فورسز نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرکے کم از کم 32 طالبان کو ہلاک کردیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں اہم طالبان کمانڈر ملا حمد اللہ بھی شامل بتایا جاتا ہے۔
افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق افغان سیکیورٹی فورسز نے صوبہ اروزگان میں طالبان کے ٹھکانے پر فضائی کارروائی کرتے ہوئے بمباری کی جس میں اہم کمانڈر ملا حمداللہ سمیت دیگر طالبان ہلاک ہوگئے۔
صوبہ اروزگان کے پولیس چیف جنرل محمد عظیم ہاشمی نے طلوع نیوز کو بتایا کہ فضائی حملہ صوبے کے مرکزی شہر ترین کوٹ میں کیا گیا جس میں 22 طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔
طلوع نیوز کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی افغانستان کے صوبے سرے پل کے ڈسٹرکٹ سیاد میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں دس طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔
افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق طالبان کی جانب سے افغان حکام کی طرف سے کیے جانے والے دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
افغان سیکیورٹی حکام کی جانب سے یہ فضائی کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے کہ جب افغان طالبان اور امریکی حکام کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔