عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی میں شامل ایک گروہ سرایا الخراسانی نے کہا ہے کہ ملک کے استقامتی گروہ امریکا کے دہشت گردانہ حملوں کا ہر حال میں جواب دیں گے اور یقینی طور پر یہ حملے امریکا کے لئے انتہائی دردناک اور سخت ہوں گے-
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی سے وابستہ استقامتی گروہ سرایا الخراسانی کے جنرل سکریٹری علی الیاسری نے العالم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کی سرزمین میں امریکا کے حالیہ دہشت گردانہ حملے عراق کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہیں-
انہوں نے کہا کہ امریکی دہشت گردی کے جواب میں استقامتی گروہوں کے ممکنہ جوابی حملوں کی وجہ سے بغداد میں امریکی سفارتخانے پر خوف و وحشت طاری ہے اور امریکا کے خلاف استقامتی گروہوں کے حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک امریکا کی دہشت گرد فوج عراق سے باہر نہیں چلی جاتی-
گذشتہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بغداد کے شمال میں واقع التاجی میں دہشت گرد امریکی فوج کے اڈے پر کٹیوشا راکٹوں سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو امریکی اور ایک برطانوی فوجی ہلاک جبکہ بارہ امریکی زخمی ہوئے تھے –
اس درمیان خبر ہے کہ عراق کے ایک استقامتی گروہ نے التاجی میں امریکی اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے – المیادین ٹیلی ویژن کے مطابق ذمہ داری قبول کرنے والے اس گروہ کا نام عصبۃ الثائرین ہے-
الحشد الشعبی نے التاجی پر ہوئے حملے سے اپنی لاتعلقی کا پہلے ہی اعلان کردیا تھا لیکن اس کے باوجود امریکا کے جنگی طیاروں نے جمعرات اور جمعہ کو عراق کے مختلف علاقوں میں عراقی فوج اور الحشد الشعبی کے مراکز اور کربلا کے زیر تعمیر سویلین ہوائی اڈے پرحملہ کیا تھا جس میں متعدد عراقی شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے-
التاجی فوجی اڈہ بغداد سے ستائیس کلومیٹر دور شمال میں واقع ہے اور امریکی دہشتگرد عراقی فوجیوں کو ٹریننگ دینے کے بہانے اس اڈے میں موجود ہیں- عراق میں دہشت گرد امریکی فوج ایک ایسے وقت اپنی موجودگی پر اصرار کر رہی ہے جب عراقی پارلیمنٹ نے گذشتہ پانچ جنوری کو ایک بل پاس کر کے ملک سے فوری انخلا کے لئے امریکہ کو حکم دے دیا ہے –
امریکی فوج کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے پیش نظر عراق کے مختلف حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے کہ امریکی فوج کو جلد سے جلد عراق سے نکال باہر کیا جانا چاہئے – مختلف سیاسی گروہوں اور شخصیات نے عراقی پارلیمنٹ اور حکومت سے کہا ہے کہ وہ امریکی فوج کو ملک سے باہر نکالنے کے لئے جلد اقدامات کریں –