صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ملت ایران کے خلاف امریکہ کی شدید پابندیوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا ہے کہ امریکہ ایک قاتل اور دہشتگرد ملک ہے۔
ایران کے صدر نے منگل کو تہران میں عالمی یوم معذورین کے موقع پر معذوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایران کے خلاف ایسی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور خود واشنگٹن کے اعتراف کے مطابق یہ ایران کے خلاف سب سے شدید اقتصادی دباؤ ہے اور اس کے ذریعے امریکہ ملت ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام تمام سنگین دباؤ اورغیرمنصفانہ پابندیوں کے باوجود اپنی عزت وحیثت محفوظ رکھے ہوئے ہیں اور مشکلات کو برداشت کرتے ہوئے مشکل حالات سے کامیاب و سرخرو باہر نکلی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملت ایران کی استقامت و پائداری آج ایسی پوزیشن میں پہنچ چکی ہے کہ امریکی خود مذاکرات چاہتے ہیں اور خصوصی پیغامات بھیجتے ہیں کہا کہ وہ مذاکرات کے لئے خصوصی طور پر جو پیغامات بھیجتے ہیں وہ ان کے اس دعوے کے برخلاف ہے جو وہ سرعام کرتے ہیں اور یہ یورپی بھی جانتے ہیں جن کے توسط سے یہ پیغامات آتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تین دسمبر کو اقوام متحدہ کی جانب سے پوری دنیا میں یوم معذورین منایا جاتا ہے۔