عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے نائـب سربراہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام شامل کرنے کا امریکی مقصد علاقے کی سلامتی کو نقصان پہنچانا اور مشرق وسطی میں ایک اور بحران پیدا کرنا ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے نائـب سربراہ ابو مہدی المہندس نےکہا کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف مہم عراقی عوام کے ساتھ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا کردار بنیادی حیثیت کا حامل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فیصلہ مضحکہ خیز ہے اور ایک ایسا ملک سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دے رہا ہے جو خود دہشت گردوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ نے صیہونیوں کی ہدایات پر ایک بار پھر ذلت آمیز فیصلہ کیا جبکہ عراقی قوم اس بات کو ہرگز فراموش نہیں کرے گی کہ کس نے اس کا برے وقت میں بھرپور ساتھ دیا اور کس نے داعش گروہ اس کے ملک پر مسلط کیا۔
عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ بغداد کی حکومت کسی کو بھی عراقی سرزمین کو کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔و