اسلامایرانمشرق وسطی

امریکہ کو تاریخ کی سنگین ترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکہ کو ایرانی عوام کا حقیقی دشمن قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ ایران کے عوام دشمن کی پہچان میں ہرگز غلطی کا ارتکاب نہیں کریں گے اور امریکہ کو ملت ایران کے مقابلے میں تاریخ کی سنگین ترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جمعرات کی صبح ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان رہبری میں عوام کے منتخب نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے درپیش چیلنجوں اور مسائل سے نمٹنے کے لیے لازمی ڈائیلاگ اور عوامی شعور کی بیداری کی ضرورت پر تاکید فرمائی۔ آپ نے فرمایا کہ دشمن کے بھرپور حملوں کے مقابلے میں تمام تر وسائل اور بھرپور افرادی قوت سے کام لیے جانے کی ضرورت ہے تاکہ ذکر الہی اور خدا پر توکل کے حوالے سے عوام اور حکام کے گہرے یقین کے سائے میں پروردگار عالم ایران کی عظیم قوم کے بارے میں اپنے سچے وعدے کو پورا کرے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اندرونی معاملات کے حوالے سے دشمن اور اس کے دم چھلے اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ دشمن کو طاقتور اور ایران کو کمزور ظاہر کر کے آخر کار لوگوں کو یہ باور کرایا جائے کہ ملک لاتعداد اور ناقابل حل مشکلات میں پھنس گیا ہے اور کسی بھی قسم کے اقدام کا امکان باقی نہیں بچا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے علاقائی مسائل کی جانب بھی اشارہ کیا اور فرمایا خطے میں اپنی پوزیشن اور اس حقیقت کا ادراک ضروری ہے دشمن ایران پر ضرب لگانے کی فکر میں ہے، جو لوگ خطے میں ایران کی موجودگی کے بارے میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں وہ درحقیقت دشمن کی مدد کرنے میں مصروف ہیں۔
آپ نے امریکہ اور یورپ سے نمٹنے کے طریقہ کار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ اور یورپ والوں کے کردار کے حوالے سے ایران کو بہت گہرا تجربہ ہے لیکن جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے جو کچھ امریکہ نے کیا وہ سب کے سامنے ہے لہذا امریکہ اور یورپ کے مقابلے میں ان تجربات سے فائدہ اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ ایرانی عوام کا حقیقی دشمن ہے اور ایران کے عوام دشمن کی پہچان میں ہرگز غلطی کا ارتکاب نہیں کریں گے لہذا ایران کو یہ توقع نہیں ہے کہ تسلط پسند عالمی طاقتیں ایرانی عوام کی ترقی و پیشرفت پر خاموش رہیں گی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے سافٹ وار سے محفوظ رہنے کے لیے دشمن کی حدود کو واضح کیے جانے کی ضرورت پر تاکید کی اور فرمایا کہ جغرافیائی سرحدوں کی مانند ثقافتی سرحدوں کو نمایاں کرنا بھی اشد ضروری ہے تاکہ دشمن اپنے فریب، دھوکہ دہی اور نفوذ کے ذریعے ہماری سرحدوں کو عبور اور ملک کے سائبر اسپیس ثقافتی ماحول پر مسلط نہ ہو سکے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکی حکام کی جانب سے ایرانی عوام کے خلاف سخت ترین پابندیوں کی دھمکیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے ایران کے خلاف اپنا پورا زور لگا دیا ہے اور اگر ایران کے عوام بھی تمام تر وسائل اور بھرپور توانائیوں کے ساتھ آگے بڑھیں تو خدا کے فضل سے امریکہ کو تاریخ کی سنگین ترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button