امریکی حکومت پریس ٹی وی کی اینکر کو فوری اورغیر مشروط طور پر رہا کرے
اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی ورلڈ سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے کہا ہے کہ امریکا نے استقامتی محاذ کی آواز کو خاموش کرنے کے لئے پریس ٹی وی کی اینکر گرفتار کیا ہے۔
امریکی پولیس ایف بی آئی نے ایران کے پریس ٹی وی چینل کی امریکی نژاد اینکر اور صحافی مرضیہ ہاشمی کو واشنگٹن ڈی سی کے ہوائی اڈے پر اس وقت کرفتار کرلیا جب وہ اپنے بیمار بھائی سے ملنے کے لئے امریکا پہنچی تھیں۔ آئی آر آئی بی کی ورلڈ سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم مرضیہ ہاشمی کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم سے کم توقع یہ ہے کہ امریکی حکومت اپنے اس اقدام پر خود پریس ٹی وی کی اینکر مرضیہ ہاشمی اور پوری دنیا کی صحافی برداری سے معافی مانگے۔
ڈاکٹر پیمان جبلی نے کہاکہ مرضیہ ہاشمی پریس ٹی وی کی نیوز اینکر ، ڈاکیومینٹری فلم میکر اور صحافی ہیں جنھیں امریکی ایف بی آئی نے کوئی وجہ بتائے بغیر پچھلے چند روز سے گرفتار کررکھا ہے اور جیل میں انہیں جسمانی اور ذہنی اذیتیں دی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرضیہ ہاشمی کو گرفتار کرنے کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آرہی ہے سوائے اس کے کہ وہ امریکی مسلمان ہیں اور دو ہزار تین سے ایران کے پرس ٹی وی چینل میں کام کر رہی ہیں۔
ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کی ورلڈ سروس کے سربراہ نے کہا کہ امریکا مختلف طریقوں سے ایرانی میڈیا کی آواز کو دبانے کوشش کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ذریعے ایران پر پابندیاں عائد کرکے دباؤ ڈالنا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ استقامتی محاذ روز بروز ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے پریس ٹی وی کی اینکر مرضیہ ہاشمی کے حجاب کو اتار لینے پر مبنی امریکی حکام کے غیر انسانی اقدام کو اسلامی مقدسات اور اقدار کی بے حرمتی قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکام نے مرضیہ ہاشمی کو حلال کھانا کھانے اور سردی کے موسم میں موٹے اور گرم لباس پہننے سے بھی منع کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ایرانی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کا ادارہ مرضیہ ہاشمی کی رہائی کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔