اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایران نے امریکی جمہوری دفاع کے ادارے (FDD) اور اس کے ڈائریکٹر مارک ڈوبوویٹس پر ایران کے خلاف امریکی حکومت کی اقتصادی دہشتگردی میں شریک ہونے کی بنا پر پابندی عائد کردی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں عالمی سطح پر امریکہ کی اقتصادی دہشت گردی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران سمیت کئی عالمی ممالک کے خلاف امریکہ کی اقتصادی دہشت گردانہ پالیسیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ایران نے مختلف شعبوں میں امریکہ کی اقتصادی دہشت گردانہ پالیسیوں کو ناکام بنادیا ہے ۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں امریکہ کے جمہوری دفاع کے ادارے کو جھوٹے اور بے بنیاد پروپینگنڈے کا مرکز قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے اس معاندانہ اور جھوٹے ادارے کے ذریعے غلط اور جھوٹے پروپیگنڈوں کو فروغ دیتا ہے اور جمہوریت کے نام پر عالمی سطح پر جمہوریت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کرتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکہ نے انسانی حقوق کی واضح طور پر خلاف ورزی کا ارتکاب کرتے ہوئے ایرانی عوام کو اقتصادی دہشت گردی کا نشانہ بنا رکھا ہے اور ایران کے خلاف پابندیوں میں امریکہ کے جمہوری ادارے اور اس کے ڈائریکٹر مارک ڈوبوویٹس کا بنیادی کردار ہے لہذا ایران نے اس ادارے اور اس کے ڈائریکٹر کو ایرانی قوانین کے دائرے میں ایران کی پابندیوں کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔