جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران نے یورینیم کی افزودگی کا عمل جدیدترین سینٹری فیوج مشینوں کے ذریعے شروع کردیا ہے
فرانس پریس کی رپورٹ کےمطابق جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے نے ایک بیان میں ایٹمی معاہدے میں ایران کی جانب سے وعدوں کی سطح میں کمی لانے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران کی نطنز تنصیبات میں جدیدترین سینٹری فیوج مشینیں نصب کی گئی ہیں اور یورینیم کی افزودگی کا عمل ان کے ذریعے سے شروع کردیا گیا ہے –
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے اور یورپی ملکوں کی وعدہ خلافیوں کا سلسلہ جاری رہنے کےایک سال بعد ، قدم بہ قدم اپنے وعدوں کی سطح میں کمی لانے کا اقدام کیا ہے-ایران نے آئی اے ای اے کی اطلاع کے ساتھ ہی اب تک اس سلسلے میں تین مرحلوں میں قدم اٹھائے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ اگر ایٹمی معاہدے پر دستخط کرنے والے ممالک اپنے وعدوں پر عملدرآمد کے تعلق سے کوئی عملی اور موثر قدم نہیں اٹھاتے ہیں تو ایران اس سلسلے میں چوتھا قدم بھی اٹھائے گا-