ایران کے وزیر خارجہ نے تہران بیجنگ تعلقات کو ہمہ گیر اور اسٹریٹیجک قرار دیا ہے
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کو بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں ایران اور چین کے طویل اور اسٹریٹیجک تعلقات میں ہمہ گیر فروغ پر تاکید کی اور چین کے خلاف امریکہ کے اقتصادی دباؤ اور پابندیوں نیز داخلی امور میں واشنگٹن اور بعض مغربی ممالک کی مداخلتوں کی مذمت کی -جواد ظریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے متحدہ چین کی پالیسی کی بھی حمایت کا اعلان کیا- اس ملاقات میں چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے کثیرالجہتی اور بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی نیز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حیثیت کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ چین ہر اس اقدام کی حمایت کرتا ہے جو علاقے میں کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام میں اضافے پر منتج ہو- چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایٹمی سمجھوتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے میں ایران کے جائز حقوق اور اقتصادی فوائد حاصل ہونا چاہئے- ایران اور چین کے وزرائے خارجہ نے تمام میدانوں میں باہمی تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر بھی تاکید کی- ایران کے وزیرخارجہ پیر کو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچے جہاں چینی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا-