بحرین میں آمریت مخالف مظاہرے، انقلابیوں کی سزائے موت منسوخ کرنے کا مطالبہ
بحرین کے عوام نے سیاسی قیدیوں کی حمایت میں ایک بار پھر مظاہرے کیے۔
چودہ فروری نامی انقلابی تحریک کی اپیل پر ہونے والے ان مظاہروں میں شریک لوگ، تین انقلابی نوجوانوں کو حال ہی میں سنائی جانے والی سزائے موت منسوخ کیے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
بحرین کی شاہی حکومت کی نمائشی عدالت نے حال ہی میں تین نوجوانوں کو بے بنیاد الزامات کے تحت موت کی سزا سنائی ہے۔
ان لوگوں پر آمریت مخالف مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے اور بم دھماکوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے مزید دو انقلابی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے- بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات، آزادی اور جمہوریت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔