سعودی ولی عہد بن سلمان کے مجوزہ دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاکستانی عوام کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں راستوں اور موبائل فون اور دوسرے رابطہ ذرائع کی بندش شامل ہے۔
پاکستانی سیکورٹی اداروں کے جاری کردہ سیکورٹی پلان کے مطابق بن سلمان کی آمد کے موقع پر دو روز کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی میں فضائی حدود بند، موبائل فون سروس معطل اور بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایک ہزار سے زائد سیکورٹی چیک پوائنٹس بنائے جائیں گے اور اہم شاہراہوں پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ دو روز کے لیے بند رہے گا۔
کسی غیر ملکی عہدیدار کی آمد کے موقع پر حکومت کی جانب سے اپنائی جانے والی سخت حفاظتی تدابیر سے عوام کو دو روز تک شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جنگ یمن اور جمال خاشقجی قتل کیس کے پیش نظر بن سلمان کے اس دورے کی پاکستان کے صحافتی، سیاسی اور مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔