ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ترکی کی طرف سے شام پر فوجی یلغار کے بعد ترکی کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے ترکی کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی سرکاری دعوت پر آج ترکی کا دورہ کرنا تھا جسے ایرانی اسپیکر نے شام پر ترکی کے فوجی حملے کے بعد منسوخ کردیا ہے۔
ترکی نے شام کے کردوں کے خلاف فوجی یلغار کا آغاز کردیا ہے ۔ ترکی کے جنگی طیاروں نے شام کے تقریبا 21 علاقوں پر شدید گولہ باری اور ہوائی حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں اب تک 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ترکی نے شام کی سرزمین پر 50 کلو میٹر اندر حملوں کا آغاز کیا ہے۔ ترک فوجیوں کا شام کی سرحد میں داخلے کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکہ نے اس جنگ کے لئے کل ترکی کو ہری جھنڈی دکھا دی تھی اور ترک صدراردوغان نے اس کے بعد کردوں کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
اسلامی جمہوریہ ایران، فرانس اورعراق سمیت یورپی یونین نے شام پرترکی کے حملے کی مذمت کی ہے۔