پاکستان کے اہلسنت عالم دین کا کہنا ہے کہ شیعہ اور سنی باہمی اتحاد سے تکفیریت کو شکست دے سکتے ہیں۔
پاکستان کے معروف اہلسنت عالم دین اور کُل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ تکفیریت نے سب سے زیادہ اہل تشیع کو متاثر کیا اور باہمی تعاون سے ہی اس عفریت کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی باہمی اتحاد کا مظاہرہ کریں تو تکفیریت سمیت دہشتگردی اور انتہا پسندی کو شکست دے سکتے ہیں اور ہم اسی مشن کو لیکر چل رہے ہیں۔ ان شاء اللہ ہم امت کو متحد اور تکفیریت و دہشتگردی کو نکال باہر کریں گے۔
مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ مسلمانوں کے اختلافات سے دشمن ہم پر مسلط ہونے کی کوشش کر رہا ہے تاہم شیعہ سنی باہمی اتحاد سے اسلام دشمن قوتیں ہر جگہ ناکام و نامراد ہونگی۔
پاکستان کے اہلسنت عالم دین نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بدامنی کی وجہ امریکہ ہے، لیکن ہماری نااتفاقی بھی اس کی ایک وجہ ہے۔ امت بکھری ہوئی ہے اگر ہم میں اتحاد و وحدت ہو اورہم بیدار ہوگئے تو امریکہ کی سازشیں بھی ناکام ہو جائیں گی۔
مولانا عاصم مخدوم نے یمن پر سعودی جارجیت پر کہا کہ پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیئے، کیونکہ دونوں مسلمان ممالک ہیں اورپاکستان کی یہ پالیسی ہونی چاہئیے کہ اگر کوئی دو مسلمان ملک آپس میں لڑیں تو پاکستان غیر جانبدار رہ کر ثالثی کا کردار ادا کرے۔