یمن کے ہزاروں شہریوں نے جارح سعودی اتحاد کے خلاف یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی حالیہ غیر معمولی نصر من اللہ کارروائیوں کی حمایت میں شمالی صوبے صعدہ میں ایک بڑی ریلی نکالی ہے
گذشتہ دنوں یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی عرب کے اندر نجران کے ایک بہت بڑے علاقے میں نصر من اللہ نامی غیر معمولی اور شاندار کارروائیاں انجام دے کر جارح سعودی اتحاد پر کاری ضرب لگائی تھی – ان کارروائیوں کو خراج تحسین پیش اور یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی حمایت کا اعلان کرنے کے لئے یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں ہزاروں شہریوں نے ایک بڑی ریلی نکالی ہے – ریلی میں شریک لوگوں نے فوج اور تحریک انصاراللہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنی سرزمین سے غاصبوں کو نکال باہر کئے جانے تک استقامت جاری رکھنے پر زور دیا – ریلی کے شرکا نے سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا – ایسی ہی ایک بڑی ریلی یمن کے دارالحکومت صنعا میں بھی نکالی گئی ہے – یمن کی فوج کے ترجمان یحیی السریع نے اس سے پہلے نصر من اللہ نامی کارروائیوں کی کئی مرحلوں میں تفصیلات سے عالمی میڈیا کو باخبر کیا تھا – ان کارروائیوں میں جو جارح سعودی اتحاد کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی زمینی کارروائیاں تھیں سعودی فوج کی تین بریگیڈ کا قلع قمع کردیا گیا ہے – ان کارروائیوں میں سیکڑوں جارح فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ تین ہزار سے زائد جارح فوجیوں کو گرفتار کرلیا گیا – دوسری جانب اپنی شکست و ذلت کا یمنی عوام سے انتقام لینے کے لئے جارح سعودی اتحاد نے یمن کے مغربی صوبےالحدیدہ کے مختلف علاقوں پر ایک بار پھر توپخانوں سے حملہ کیا ہے – المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ الحدیدہ کے مختلف رہائشی علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں رہائشی مکانات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے تاہم جانی نقصانات کے بارے میں ابھی تک کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے- یمنی فوج کے ترجمان یحیی السریع نے کہا ہے کہ گذشتہ بہتر گھنٹے میں یمن کے مختلف صوبوں منجملہ صوبہ صعدہ کے مختلف علاقوں میں جارح سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں نے سترہ بار سے زائد حملے کئے ہیں – یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے گذشتہ بیس ستمبر کو مشروط طور پر فائربندی کا اعلان کیا تھا لیکن جارح سعودی اتحاد یمن کی امن کی پیشکش کو نظر انداز کرتے ہوئے مختلف علاقوں پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے –