جارح سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمن میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی
یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں جارح سعودی اتحاد کے ذریعے فائربندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور جارح اتحاد اب تک تین ہزار دو سو ستر بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد الحدیدہ میں فائربندی کی تین ہزار دو ستر بار خلاف ورزی کر چکا ہے-
یحیی سریع نے بتایا کہ جارح سعودی اتحاد نے صرف گذشتہ اڑتالیس گھنٹے میں الحدیدہ میں ایک سو اڑسٹھ بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی-
یمنی فوج کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جارح سعودی اتحاد الحدیدہ، الدریہمی اور حیس کے رہائشی علاقوں پر مسلسل بمباری کر رہا ہے، کہا کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں نے صوبہ تعز کے شہر المخا سے الحدیدہ ہوائی اڈے کے جنوب اور مشرق اور اسی طرح الدریہمی میں بھاری فوجی ساز و سامان اور جنگی ہتھیار منتقل کئے ہیں-
یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ سعودی اتحاد اور یمن کی مفرور اور مستعفی حکومت کسی بھی طرح کے معاہدے یا سمجھوتے کی پابندی نہیں کرتی اور وہ الحدیدہ میں فائربندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے-
اس درمیان سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اتوار کی صبح یمنی دارالحکومت صنعا کے مختلف علاقوں منجملہ اشیائے خورد و نوش تیار کرنے والے ایک کارخانے پر شدید بمباری کی-
اس بمباری کی آواز دور دور تک سنی گئی- یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی بمباری میں کم سے کم دو عام شہری شہید ہو گئے-
اس حملے سے صنعا میں رہائشی مکانات، شہری تنصیبات کو نقصان پہنچنے کے ساتھ شہر میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا-
خبروں میں کہا گیا ہے کہ صنعا کی فضاؤں میں سعودی جنگی طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے-
اس درمیان یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے سعودی عرب کے تازہ فضائی حملے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے شہریوں کو اس طرح کے ہوائی حملوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا-
ان کا کہنا تھا کہ صنعا پر بمباری جارح سعودی اتحاد کے لئے جو بین الاقوامی قوانین کی پابند نہیں ہے کوئی نئی بات نہیں ہے-