ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے کہا کہ سعودی اتحاد کے ڈرون طیارے کو کل رات حجہ کے علاقے میں مار گرایا گیا۔ یحی السریع کا کہنا ہے کہ اس کی تفصیلات بہت جلد بیان کی جائیں گی۔
یمنی فوج نے جمعے کو بھی، شمالی سرحدوں کے قریب پرواز کرنے والے سعودی ڈرون طیارے کو مار گرایا تھا۔
دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک اور یمن کی مسلح افواج نے سرحدی علاقے پر سعودی اتحاد کے خلاف 3 بڑے حملے کئے جن میں درجنوں سعودی اور سوڈانی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
در ایں اثناء سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبہ صعدہ پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب کے جنگی طیارے گذشتہ کئی روز سے صوبہ صعدہ کے شہری علاقوں پر مجرمانہ بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت نیز متحدہ عرب امارات اور بعض دوسرے ملکوں کے ساتھ اتحاد قائم کرکے، مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ یمنی عوام کی استقامت کے نتیجے میں سعودی اتحاد کو اس جنگ میں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے اور اس کا ایک بھی مقصد پورا نہیں ہوسکا ہے۔