یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے عالمی برادری سے سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
صنعا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یمنی فوج کے ترجمان یحی السریع کا کہنا تھا کہ سعودی اتحاد اور اس میں شامل کرائے کے فوجی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور قیام امن کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں کو نظر انداز کرتے ہوئے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے اڑتالیس گھنٹے کے دوران سعودی اتحاد نے الحدیدہ کے رہائشی علاقوں، زرعی زمینوں اور کارخانوں پر ایک سو بہتر بار حملے کیے ہیں۔یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی اتحاد نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحدیدہ میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں کو بھی ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش نے سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ یمن میں جنگ بندی کی نگرانی کی غرض سے چھے ماہ کے لیے پچھتر مبصرین کی تعیناتی کی منظوری دے دیں ۔