یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کے مزید دو ڈرون طیارے مار گرائے ہیں۔
صعنا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے بتایا کہ یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے ایئر ڈیفینس یونٹ نے جیزان اور عسیر کے علاقے پر پرواز کرنے والے دو سعودی ڈرون طیاروں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان، جنگ یمن کے آغاز سے اب تک درجنوں سعودی ڈرون طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کرچکے ہیں۔
سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارات اور بعض دوسرے عرب اور افریقی ملکوں کے تعاون سے یمن کو جنگ و جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔
چار سال سے زیادہ عرصے سے جاری اس جنگ میں کئی ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی لاکھ کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی حکومت نے یمن کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں یمن کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
سعودی حکام یمنی عوام کی مزاحمت کی وجہ سے اپنا ایک بھی مقصد حاصل نہیں کرسکیں ہیں۔