یمن کی نجات ملی حکومت کے وزیر دفاع نے سعودی جارحین اور ان کے آلہ کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز کی اہم کارروائی شروع ہو گی۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نجات ملی حکومت کے وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز مردانہ وار دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں جو تاریخ میں بے نظیر ہے اور اتحاد یمن کے عوام کی کامیابی کی اصل وجہ ہے۔
محمد ناصر العاطفی نے سوڈان کی آلہ کار فورسز کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن سے نہ نکلنے کی صورت میں انھیں سنگین جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یمنی فورسز نے نجران کے علاقہ میں دفاعی آپریشن ” نصر من اللہ ” میں سعودی عرب کے فوجیوں پر مہلک اور کاری ضرب لگاتے ہوئے سعودی عرب پر لرزہ طاری کردیا ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع کا کہنا ہے کہ یمن پر مسلط کردہ پانچ سالہ جنگ کے دوران یمنی فورسز نے یہ سب سے بڑا دفاعی آپریشن کیا ہے جس میں سعودی عرب کے ہزاروں فوجیوں کو ہلاک ، قید یا زخمی کردیا گیا ہے اس کارروائی میں سعودی عرب کے جنگی ساز و سامان کو بھی بڑے پیمانے پر تباہ کیا گیا اور کچھ فوجی وسائل پر مال غنیمت کے طور پر بھی قبضہ کر لیا گیا ۔
یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے یمنی فوج کے ” نصر من اللہ ” آپریشن کو آرامکو آپریشن کے برابر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن میں 500 سے زائد سعودی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا گیا جبکہ سینکڑوں فوجیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں غیر سعودی فوجی بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نصرمن اللہ آپریشن میں یمنی ڈرونز، میزائلوں اور تمام فوجی یونٹوں نے حصہ لیا اور اس آپریشن میں 500 کلو میٹر مربع علاقہ آزاد کرالیا گیا ۔