ریاض اور تبوک سمیت کئی شہروں میں سکول بند کردیئے گئے، مدینہ میں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
سعودی عرب کے مغربی علاقوں میں تیز بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔ ریاض اور تبوک سمیت کئی شہروں میں سکول بند کردیئے گئے۔ ریاض، مدینہ، تبوک اور جزان سمیت سعودی عرب کے متعدد شہروں میں گردوغبار کے طوفان اور بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا، رہائشی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، مدینہ میں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
سعودی عرب کے شمالی مغربی علاقے تبوک کے میڈیا ترجمان عبد العزیز بن فرحان الشماری نے گلف بزنس نیوز کو بتایا کہ ہمیں کالز موصول ہوئی ہیں کہ بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے جس کے سبب مکین گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
الشماری کا کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں کے سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے بارے میں خبردار کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ بجلی فراہم کرنے والے ذرائع سے دور رہیں۔
سعودی عرب میں موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے ادارے نے جدہ، الجواف، حیل، مدینہ، مکہ، ریاض، مشرقی صوبے، جنوب مغرب اور مغرب کے پہاڑوں پر تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
سول ڈیفنس حکام نے لوگوں کو نشیبی علاقوں میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ جدہ میں خراب موسم کی وجہ سے پروازیں تعطل کا شکار ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔