یمنی فوجی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے 2000 سے زائد فوجیوں کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے اعلی اہلکار نے اسپوٹنک کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی فوجی ذرائع کے مطابق یمنی فورسز نے سعودی عرب کے علاقہ نجران میں 500 کلو میٹر اندر نصر من اللہ فوجی کارروائی میں سعودی عرب کے 2000 سے زائد فوجیوں کو گرفتار کرلیا ہے گرفتار ہونے والے فوجیوں میں سیکڑوں فوجی سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ یمنی فوج کے اہلکار کے مطابق نصر من اللہ فوجی کارروائی انصار اللہ کے سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کے اعلان جنگ بندی سے پہلے کی گئی اور فوجی حکمت عملی کے تحت اس کا اعلان اب کیا گیا ہے۔ سعودی اور اتحادی فوجیوں کی گرفتاری کے حوالے سے یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع آج مقامی وقت کے مطابق شام 3 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
یمنی فوج کے ترجمان پریس کانفرنس میں سعودی عرب کےگرفتار ہونے والے فوجیوں کی تصاویر، دیگر اطلاعات اور سعودی عرب کے فوجیوں سے ہاتھ آنے والے جنگی غنائم کے بارے میں یمنی عوام کو آگاہ کریں گے۔
یحیی سریع نے اس سے قبل نصر من اللہ فوجی کارروائی کو گذشتہ 5 برسوں میں یمنی فوج کی سب سے بڑی فوجی کارروائی قراردیا تھا۔