شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ شامی فوج اور عوام نے ملک کے چپے چپے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
دمشق میں روسی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر بشار اسد کا کہنا تھا کہ فوج نے ادلب میں جو کامیابی حاصل کی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ شام کے عوام اور فوجی جوان ملک کے ایک ایک چپے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکی سمیت بعض علاقائی اور عالمی فریق اب بھی شام میں دہشت گردوں کی حمایت کر رہے ہیں لیکن شامی فوج کامیابی کی منزلیں طے کرتی جارہی ہے۔صدر بشار اسد نے کہا کہ ادلب کے حالیہ واقعات ان لوگوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں جو ترکی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کے حوالے سے ابہام کا شکار تھے۔روسی وفد کے سربراہ دی متری سابلین نے اس موقع پر صدر بشار اسد کو شامی فوج کی حالیہ کامیابیوں کی مبارک باد پیش کی۔