شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق اس بیان میں آیا ہے کہ شام کی فوج ، جنوبی اور جنوب مشرقی ادلب میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور گذشتہ چند روز کے دوران ادلب کے تین سو بیس کلومیٹر سے زیادہ علاقے کو جبھۃ النصرہ اور دیگر دہشتگرد گروہوں کے قبضے سے آزاد کرا چکی ہے۔ شام کی فوج نےگذشتہ اگست میں اسٹریٹیجک شہر خان شیخون اور صوبہ حماہ کے شمال مغربی علاقوں سمیت صوبہ ادلب کے ایک بڑے رقبے کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا۔ صوبہ ادلب شام میں دہشتگردوں کا آخری اڈہ ہے۔ شام نے بارہا ادلب کی آزادی پر تاکید کی ہے اور دہشتگردوں نیز اس علاقے میں تعینات غیرملکی فوجیوں کو ادلب سے باہر نکلنے کا انتباہ دیا ہے۔