ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے امریکہ کو عالمی تعلقات کی خرابی اور بحران کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
عالمی بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے صربیہ کے دارالحکومت بلغراد روانگی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ عالمی تعلقات میں پیدا ہونے والی خرابی اور بحران کا ذمہ امریکہ ہے۔انہوں نے دنیا بھر کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیںایران کے اسپیکر نے کہا کہ وہ بلغراد اجلاس کے موقع پر دنیا کے مختلف ملکوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے علاقائی مشکلات کے حل اور بین الاقوامی تعلقات میں پیدا ہونے والی خرابیاں دور کرنے کے بارے میں بات چیت کریں گے۔انہوں نے ایران اور صربیہ کے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلغراد کے ساتھ تعلقات کا فروغ تہران کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔قابل ذکر ہےکہ ایران کے اسپیکر علی لاریجانی عالمی بین الپارلیمانی یونین کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی غرض سے اتوار سے صربیہ کے دارالحکومت بلغراد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔