عراقی فورسزنے داعش کے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ سامرا شہر میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
عراقی سیکیورٹی فورسزاور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوانوں نے سامرا شہرمیں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے متعدد داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
امریکا، اسرائیل اور سعودی عرب کے حمایت یافتہ تکفیری دہشت گرد صوبہ صلاح الدین کے شہر سامراء میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے مارے گئے۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ تکفیری دہشت گرد سامراء شہرمیں تخریبی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔
عراقی سیکیورٹی فورسز نے سامراء میں حرمین امامین عسکریین (ع) پر داعش کے ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور سامراء کو داعشی دہشت گردوں کے وجود سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لئے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل بھی عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے سامرا شہر کے مغرب میں ایک کارروائی کے دوران دہشت گرد گروہ داعش کے پانچ کمانڈروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
عراق میں داعش کی شکست اور اس گروہ کا قلع قمع ہو جانے کے بعد بھی اس کے کچھ عناصر ابھی عراق کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں جو الگ الگ علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے ہیں۔