بغداد میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ دیالی میں داعشی دہشت گردوں کے اہم ترین اڈے پرحملہ کرکے اسے نابود کردیا ہے۔
داعشی عناصرعائشہ نامی اس اڈے کو دیالہ، کرکوک اور صلاح الدین سے آنے والے عناصر کو دہشت گردی کی تربیت دینے اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے مطابق اس آپریشن میں داعشی دہشت گردوں کی بنائی ہوئی چار خفیہ سرنگوں کو بھی منہدم کردیا گیا جبکہ متعدد داعشی عناصر نے ہتھیار ڈال کر خود کوعراقی سیکورٹی فورس کے حوالے کردیا ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس نے صوبہ دیالی کے علاقے حمرین میں جاری سرچ آپریشن کے دوران داعشی دہشت گردوں کے زیر زمین ٹھکانوں کا پتہ لگا کر ان پر قبضہ کرلیا ہے جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق یہ اسلحہ اور گولہ بارود عراق کی عوامی رضاکار فورس اور دوسرے سیکورٹی اداروں پر حملے کی غرض سے یہاں لاکر چھپایا گیا تھا۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے صوبہ صلاح الدین میں بھی داعشی دہشت گردوں کے گیارہ خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کیے جانے کی خبر دی ہے-
قابل ذکر ہے عراق کی عوامی رضاکار فورس اور دیگر سیکورٹی دستوں نے سات جولائی سے صوبہ دیالہ اور صلاح الدین میں داعش کے باقی ماندہ عناصر کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کے سات مرحلے اب تک انجام پاچکے ہیں۔عراق کی عوامی رضا کار فورس کے مشترکہ آپریشن روم کے سربراہ جواد کاظم الریبعاوی کے مطابق سرچ آپریشن مطلوبہ اہداف کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور دہشت گردوں کو کہیں امان نہیں مل رہی۔
عراق کی حکومت نے دوہزار سترہ میں دہشت گرد گروہ داعش کی مکمل شکست کا اعلان کیا تھا کہ تاہم اس گروہ کے باقی ماندہ عناصر ملک کے صحرائی علاقوں میں روپوش ہیں اور وہاں سے گاہے بگاہے عراقی شہریوں اور سیکورٹی فورس کے دستوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔