جہاد اسلامی فسطین کے رہنما زیاد النخالہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دشمن کی سازشوں اور امریکی منصوبے سینچری ڈیل کے مقابلے میں فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکہ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرکے دراصل سنیچری ڈیل کا راستہ ہموار کرنا چاہتا تھا تاہم میں واضح کردینا چاہتاہوں کہ ان کی شہادت کے بعد فلسطینیوں کی حمایت کے حوالے سے ہمارا عزم مزید پختہ ہوگیا ہے۔جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیادل الخالہ نے اس موقع پر، فلسطینی قوم کی ٹھوس حمایت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام اور استقامتی تنظیمیں سینچری ڈیل سمیت ہراس سازش کو ناکام بنادیں گی جس کے ذریعے فلسطینیوں کے تاریخی اور بنیادی حقوق کو نابود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہو۔قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔جنرل قاآنی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سینچری ڈیل کا سخت مخالف ہے اور ہم جنرل سلیمانی کی راہ پر چلتے ہوئے، فلسطینی قوم اور اس کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اس موقع پر فلسطینیوں کی حمایت اور امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کے خلاف ایران کے ٹھوس اور اصولی موقف کی تعریف کی۔