اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ایران نے مختلف علوم میں شاندار ترقی و پیشرفت کی ہے
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو ایران میں یونیورسٹیوں اور اعلی تعلیمی مراکز کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کی مناسبت سے ایک تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ ایران نے مختلف علوم میں شاندار ترقی و پیشرفت کی ہے – صدر روحانی نے کہا کہ گذشتہ چالیس برسوں کے دوران جنگ اور اقتصادی دباؤ کے باوجود ایران کی یونیورسٹیوں نے اپنے فرائض پر اچھی طرح سے عمل کیا ہے – انہوں نے کہا کہ آج علاقے کی سطح پر اور حتی عالمی سطح پر بھی ایران کی یونیورسٹیوں کا مقام بہت بلند ہے اور علم وسائنس کے میدان میں ایران کی یونیورسٹیوں نے شاندار ترقی و پیشرفت کی ہے – صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دنیا میں بہت تیزی کے ساتھ تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں کہا کہ ایران کی یونیورسٹیوں کو چاہئے کہ وہ بہتر مستقبل کے لئے طلبا کی تربیت کریں – اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہ ایران مختلف ملکوں کے ساتھ مفاہمت و تعاون کے لئے تیار ہے کہا کہ اس مفاہمت و تعاون کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ اگر دشمن ایران پر حملہ کرے گا تو اس وقت بھی ایران خاموش رہے گا –