ونزوئیلا کے وزیردفاع نے کہا ہے کہ اس ملک کی فوج اپنے خون کے آخری قطرے تک صدر مادورو کی وفادار رہے گی۔
ونزوئیلا کے وزیر دفاع پادرینو لوپز نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ وہ اور ونزوئیلا کی مسلح افواج خون کے آخری قطرے تک صدر نیکولس مادورو کی وفادار رہیں گی-
انہوں نے کہا کہ ونزوئیلا کی فوجی جوان اور افسران کسی بھی قیمت پر ایک بیرونی حکومت سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے-
ونزوئیلا کے وزیر دفاع نے ساتھ ہی کہا کہ ملک کی مسلح افواج سرحدوں پر تعینات رہیں گی تاکہ وہ ہرطرح کے ممکنہ خطرات کا مقابلہ کر سکیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے پیر کو ونزوئیلا کی افواج کو دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے مادورو کا ساتھ دیا تو پھر کوئی بھی بندرگاہ اور پرامن راستہ ان کے باہر نکلنے کے لئے باقی نہیں رہے گا۔
امریکا نے پچھلے ہفتوں کے دوران ونزوئیلا کے حزب اختلاف کے لیڈر کی حمایت کر کے اس ملک میں بغاوت کی کوشش کی- ونزوئیلا کے حزب اختلاف کے لیڈر خوان گوائیدو نے گذشتہ تئیس جنوری کو امریکا اور اس کے اتحادیوں کی حمایت سے خود کو ونزوئیلا کا صدر اعلان کر دیا تھا جس کو ونزوئیلا کے عوام اور حکومت نے منتخب صدر مادورو کے خلاف ایک بغاوت قرار دیا تھا-
بہت سے ملکوں منجملہ ایران، روس، چین، کیوبا، ترکی، جنوبی افریقا اور یوروگوئے نے بھی امریکا کے اس اقدام کی مذمت کی اور ونزوئیلا کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے احترام اور تحفظ پر زور دیا-
اس درمیان امریکا ونزوئیلا کے خلاف پابندیاں اور اس ملک کے مخالف سیاسی لیڈر کی حمایت کر کے ونزوئیلا کی قانونی حکومت کا جو امریکی پالیسیوں کی مخالف ہے، تختہ الٹنا چاہتا ہے۔