پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے اس موقف کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ہندوستانی حکام کو تمام ہندوستانیوں بالخصوص مسلمانوں کو امن و رفاہ فراہم کرنا چاہئے۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل کو منظم سازش اور شیطانی قتل عام قرار دیا اور کہا کہ یہ غیرمنصفانہ اور پورے علاقے کے لئے خطرناک ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کی شام ہندوستانی مسلمانوں کے خلاف منصوبہ بند تشدد و فسادات کی لہر کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی فسادات مسلمانوں کے خلاف منظم تشدد کی ایک لہر ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے نئی دہلی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام ہندوستانی شہریوں کے امن و رفاہ کو یقینی بنائیں اور انسانوں کا لاحاصل قتل عام کا سلسلہ بند کریں۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میں گذشتہ ہفتے سی اے اے کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہونے والے فسادات میں چھیالیس افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے ۔ سی اے اے کی بنیاد پر بنگلادیش ، پاکستان اور افغانستان سے ہجرت کر کے ہندوستان پہنچنے والے ہندو ، سیکھ ، عیسائی، بودھ اور جین مذاہب کے ماننے والوں کو ہندوستانی شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو اس سے الگ رکھا گیا ہے۔