کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سابق ٹریفک پولیس افسر کوہلاک جبکہ اس کے بھائی سمیت 2 افراد کو زخمی کر دیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سابق ٹریفک پولیس افسر کوہلاک جبکہ اس کے بھائی سمیت 2 افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ بلدیہ ٹاؤن کے سیکٹر 9 میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے ہوٹل پر فائرنگ کر کے ٹریفک پولیس کے سابق افسر اور سیکشن افسر محمد صدیق کو قتل جبکہ اس کے بھائی رفیق اور ایک راہ گیر خیال محمد کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان کا کہنا ہے کہ سابق پولیس افسر کا قتل ڈکیتی میں مزاحمت کا نتیجہ ہے، ملزمان نے واردات سے پہلے بلدیہ کالونی سے ایک شہری سے موٹر سائیکل اور پرس چھینا۔شوکت کھٹیان نے مزید کہا کہ ملزمان اس کے بعد پکوڑا چوک پر واقعہ ہوٹل میں آئے اور وہاں لوٹ مار کی، مزاحمت کرنے پر سابق ایس او ٹریفک صدیق کو فائرنگ کرکے قتل اور 2 افراد کو زخمی کر دیا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہورہے تھے کہ تھوڑی دور جا کر ان کی موٹر سائیکل بند ہو گئی، ملزمان وہ موٹر سائیکل چھوڑ کر اور دوسری بائیک چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔