ایران کے بزرگ مراجع تقلید نے کشمیری مسلمانوں پر جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں کی خاموشی پر شدید تنقید کی ہے۔
مرجع تقلید آیت اللہ العظمی نوری ھمدانی نے کشمیر سے متعلق اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان دنوں کشمیر سے افسوس ناک خبریں موصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے گھروں میں محصور کردیا گیا ہے اور یہاں تک کہ انہیں نماز جمعہ اور جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے کہا کہ میں اس طرح کے غیر انسانی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے قتل عام کو فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سبھی آزادمنش انسانوں خاص طور پر امت اسلامیہ، علما اور انسانی حقو کے اداروں کو چاہئے کہ وہ اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستانی حکام کو جان لینا چاہئے کہ ان کے اس طرح کے ظالمانہ اقدامات سے ہندوستان میں مختلف ادیان کے ماننے والوں کے درمیان فاصلہ بڑھے گا۔ آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی نے بھی کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ کشمیر میں ہو رہا ہے اس سے ہر انسان کا دل صدمے سے دوچار ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو کس جرم میں ہندوستانی فوجیوں کے شدید ترین ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی نے او آئی سی اور اقوام متحدہ جیسے اداروں کی کشمیر میں جاری مظالم پر خاموشی پرشدید تنقید کی۔ ایران کے ایک اور بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی نے بھی کشمیر کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیر کے بحران پر عالمی اداروں کی خاموشی کی مذمت کی۔