یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اینٹی ایئرکرافٹ سسٹم نے آج علی الصبح امریکہ کے جدید ترین ڈرون ایم کیو 9 کو جو سعودی اتحاد سے متعلق تھا ذمار میں مار گرایا ۔
یمن کی فوج کے ترجمان یحیی السریع نے اعلان کیا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اینٹی ایئرکرافٹ سسٹم نے امریکی ڈرون کو ایک مقامی ساخت کے میزائل سے تباہ کیا۔
واضح رہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس، یمن پر جارح سعودی اتحاد کی جارحیت کے آغاز سے اب تک سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے دسیوں ڈرون طیاروں کو تباہ کرچکی ہیں۔ آل سعود حکومت کے ذریعے یمن کا ہر طرف سے محاصرہ جاری رکھے جانے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی دفاعی توانائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
اس درمیان یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن یحیی علی القحوم نے کہا ہے کہ آل سعود حکام کو چاہئے کہ وہ اب اس قوم سے دشمنی وعداوت کرنے سے باز آجائیں جس نے سعودی حکومت کی ہیبت کا بت پاش پاش کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کو چاہئے کہ وہ جنگ میں ہونے والے نقصانات اور شکستوں کے بعد اب اپنے اندازوں اور فیصلوں پر نظر ثانی کرے۔