جارح سعودی اتحاد نے یمن کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر وحشیانہ بمباری کی ہے
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نےگذشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں پر پچاس بار سے زیادہ بار بمباری کی ہے۔
یحیی سریع نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد، شمالی یمن کے صوبہ صعدہ اور شمال مغربی یمن کے صوبہ حجہ کو سب سے زیادہ حملوں کا نشانہ بناتا ہے۔ ابھی تک اس حملے میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ منظر عام پر نہیں آئی ہے۔
سعودی عرب، امریکہ اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کا زمینی ، بری اور بحری محاصرہ کئے ہوئے ہے ۔ یمن پر سعودی جارح اتحاد کے حملوں کے نتیجے میں اس ملک کی بنیادی تنصیبات ، ہسپتال اور اسکول پوری طرح تباہ ہوچکے ہیں اور اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں بےگھر ہوچکے ہیں۔ سعودی محاصرے کی وجہ سے اس غریب عرب ملک کو دواؤں کی بھی شدید قلت لاحق ہوگئی ہے۔