جارح سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے شہر حیدان کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جبکہ یمنی فوج نے الحدیدہ میں سعودی عرب کا ایک ڈرون طیارہ مارگرایا ہے۔
یمن سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن پر اپنی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر شمالی صوبے صعدہ کے شہر حیدان کے رہائشی علاقوں پر تھوڑے تھوڑے سے وقفے سے تین بار بمباری کی ہے۔ اس حملے میں ہوئے جانی نقصان کی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ خبری ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ حیدان شہر میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے مغربی شہر الحدیدہ میں جارح سعودی حکومت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے اس سے پہلے بھی اٹھارہ ستمبر کو یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی عرب کا ایک ڈرون طیارہ جنوب مغربی صوبے تعز میں مارگرایا تھا۔ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ جب تک جارح قوتوں کے قبضے سے یمن کا چپہ چپہ آزاد نہیں کرالیا جاتا اس وقت تک یمنی عوام کی جنگ جاری رہے گی اور جارح سعودی اتحاد کے مقابلے میں دفاع یمن کا فطری حق ہے۔ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے یمنی فوج اور عوامی رضارکارفورس کی حالیہ کامیابیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ جارحیت اور غاصبانہ قبضے کا انجام شکست و ذلت کے سوا اور کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے یمن کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش کا سعودی عرب کی طرف سے واضح جواب نہ دئے جانے پر تنقید کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا کہ وہ یمن کے مظلوم عوام کے لئے اپنی ہمدردی اور حمایت کا اعلان کرے- یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے گذشتہ بیس ستمبر کو جارح سعودی عرب کو مشروط طور پر جنگ بندی کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ سعودی عرب کو چاہئے کہ وہ موقع سے فائدہ اٹھائے لیکن جارح سعودی اتحاد نے نہ صرف یہ کہ اس پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا بلکہ اس کے حملے بدستور جاری ہیں۔