پاکستان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور اس کا وزیراعظم عمران خان جعلی ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کے فوری بعد سب کا یکساں مؤقف تھا کہ پاکستانی حکومت کی اکثریت جعلی ہے، حکومت اور اس کا وزیراعظم عمران خان جعلی ہے۔ مولانافضل الرحمان نے جاتی امراء میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت بدترین مہنگائی ہے، جس پر ہمیں تشویش ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایسے لوگوں کے حوالے کر دیا جائے تو اندازہ لگائیں کہ ملک کس طرف جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ متفقہ نکات پر باہمی رابطوں کا سلسلہ ہے، آج یا کل آصف زرداری سے بھی ملوں گا، 10 ملین مارچ کیے، میڈیا کو اس مہم کو جگہ دینی چاہیے۔
سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ جے یو آئی کے ملین مارچ میں ہر سیاسی جماعت کے کارکن شرکت کرتے ہیں، نوازشریف اور ہماری سوچ میں کوئی فرق نہیں۔