ایرانایشیاپاکستانمشرق وسطی

ایران کے ساتھ تعاون کی توسیع پر پاکستان کی تاکید

ایران میں تعینات پاکستانی سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات پاکستانی سفیر محترمہ رفعت مسعود نے ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی تعلقات کے ورکنگ گروپ کے سربراہ مرتضی صفاری نطنزی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ ایران خطے کا ایک اہم ملک ہے۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گا جبکہ معاشی اور ثقافتی شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون کی توسیع ناگزیر ہے۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ تمام شعبوں میں تعلقات کی توسیع بالخصوص پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ سے پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔رفعت مسعود کا کہنا تھا کہ معاشی اور ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لئے سرحدی علاقوں میں تجارت اور مارکیٹوں کو فعال بنانا اور چابہار – گوادر بندرگاہوں کو مزید قریب لانا ضروری ہے۔اس ملاقات میں سینیئر ایرانی رکن پارلیمنٹ نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے۔صفاری نطنزی نے کہا کہ ایران اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button