
الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر طولکرم کے قفین نامی علاقے میں ایک انیس سالہ فلسطینی نوجوان کو گولی مار کرشہید کردیا۔ صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران غرب اردن کے دیہاتوں قفین، بلعین اور الخلیل کے علاقے باب الزاویہ میں صیہونی فوجیوں سے شدید جھڑپیں ہوئیں-
اس درمیان غرب اردن کے شہر اریحا میں فلسطینیوں نے سینچری ڈیل کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی نوجوان متاثر ہوئے جبکہ غرب اردن کے شمالی گاؤں کفرقدوم میں صیہونی فوجیوں کے حملے میں تیس سے زائد فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔