
حماس کے خلاف اسرائیل کا نیا پروپیگینڈا
حماس کے سینئر عہدیدار اسامہ حمدان نے بدھ کی رات اسرائیلی میڈیا کے قطر کی جانب سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اور غزہ پٹی سے مزاحمتی رہنماؤں کو نکالنے پر مبنی نئے اقدامات کی بابت دعوے کی تردید کی ہے۔ فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے ایک رہنما اسامہ حمدان نے بدھ کی شب ایک پریس کانفرنس کے دوران قطر کی اس تجویز کو مسترد کردیا جس میں غزہ پٹی سے اس تحریک کے رہنماوں کا انخلا شامل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر، ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنی سرزمین نہیں چھوڑی تو کیا عوام کا دفاع کرنے والی مزاحمت سرزمین چھوڑ دے گی؟ حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ مزاحمت کے جانے اور اپنی سرزمین چھوڑنے کے بارے میں بات کرنا ایک وہم ہے اور مزاحمت کو غیر مسلح کرنے کا خیال بیہودہ ہے اور اس مسئلے کے حقائق کو سمجھنے کی عکاسی نہیں کرتا۔