صدام کی سرنگونی نے امام حسین کے کروڑوں زائرین کا راستہ کھول دیا: سید حسن نصر اللہ
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے اربعین حسینی کی مناسبت سے اپنی تقریر میں لبنان اور خطے کے حالات کا تجزیہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنی تقریر کے آغاز میں امام حسین علیہ السلام کے چہلم اور زیارت اربعین کی مختصر تاریخ بیان کی اور کہا کہ تاریخ کے مطابق امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر سب سے پہلے ان کی زیارت جناب جابر ابن عبداللہ انصاری نے کی اور وہی امام حسین کے اربعین کے پہلے زائر تھے۔ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ کربلا کا واقعہ، انقلابی ثقافت اور شجاعت کی علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بنی امیہ اور بنی عباس کے زمانے کے اور اسی طرح حالیہ صدیوں کے ظالم حکمراں کبھی بھی امام حسین علیہ السلام کے زائرین کے پیدل مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈال سکے۔
انھوں نے کہا کہ آج دنیا کی مختلف اقوام، ٹیلی ویژن پر امام حسین کے دسیوں لاکھ زائرین کو دیکھ کر سید الشہداء علیہ السلام کے قیام اور اس کے اہداف سے آگاہ ہو رہی ہیں۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ صدام کی حکومت کی سرنگونی کے بعد عراق اور دیگر ممالک کے دسیوں لاکھ زائرین کے لیے امام حسین کی زیارت کا راستہ کھل گيا اور وہ پورے شکوہ کے ساتھ اربعین حسینی کا انعقاد کرنے لگے۔