اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکی حکام کے غلط اندازوں کی وجہ سے ہی ہر دور میں امریکا کو ایرانی عوام کے مقابلے میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے تہران میں مقیم غیر ملکی سفرا اور نمائندہ دفاتر کے سربراہوں سے ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام بغاوت اور جنگ مسلط کراکے اور اسی طرح علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کی مدد اور انہیں ہتیھار فراہم کرکے یہ سمجھ رہے تھے کہ وہ ایرانی عوام پر غلبہ پالیں گے لیکن اس پورے عرصے میں ایرانی عوام کے بارے میں امریکی حکام کے اندازے غلط ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں ہمیشہ امریکی اور صیہونی سازشوں کا مقابلہ کیا اور ان پر فتح حاصل کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا نے ایرانی عوام میں مایوسی پھیلانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن ایرانی قوم نے ہر دور سے زیادہ متحد ہوکر دشمنوں کو شکست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایران اسلامی کا نعرہ یہ ہے کہ مغربی ایشیا اور دنیا کو ایٹمی اور عام تباہی پھیلانے والے ہھتیاروں نیز تشدد اور انتہا پسندی سے پاک کیا جائے۔
صدر روحانی نے کہا کہ اگر امریکا اپنا غلط راستہ چھوڑ دے اور اپنی گذشتہ مداخلتوں پر معافی مانگ لے تو ایران اس کی توبہ اور معافی کو قبول کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق، شام، لبنان، یمن، افغانستان اور قطر جیسے جس ملک نے بھی مدد کی درخواست کی ایران نے اس کی مدد کی ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ ایران نے گذشتہ برسوں کے دوران اچھی طرح یہ ثابت کیا ہے کہ جب بھی وہ کوئی معاہدہ کرتا ہے تو اس پر مکمل طورپر عمل کرتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مسئلہ فلسطین کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ جب تک فلسطینی عوام اپنے وطن واپس نہیں لوٹ جاتے اس وقت تک اس تاریخی علاقے اورسرزمین فلسطین میں امن قائم نہیں ہوگا۔
اس پروگرام میں ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بھی تقریرکرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف عراق اور شام کے عوام کی جنگ، جارح قوتوں کے خلاف یمنی عوام کے دفاع اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی جدوجہد کے دوران ہمیشہ تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑا رہا۔
وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے کہا کہ تمام پابندیوں اور دباؤ کے باوجود ایران کے عوام نے چالیس سال کے دوران پوری سرفرازی اور ثابت قدمی کے ساتھ خود مختاری اور ترقی وپیشرفت کا راستہ طے کیا ہے اور اسی ثابت قدمی کے ساتھ اس راستے کو جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایران میں امن وسلامتی، ترقی و پیشرفت اور علم و سائنس سب کچھ موجود ہے۔
وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے کہا کہ ایران دوست ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چـاہتا ہے۔
ایران میں متعین فلسطین کے سفیر صلاح الزواوی نے بھی اس پروگرام میں دیگر ملکوں کے سفیروں کی نمائندگی میں اپنی تقریر میں اسلامی ا نقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کی آمد کی مناسبت سے ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔