اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرنے ایران میں آنے والے سیلاب سے ایرانی عوام میں تفرقہ ڈالنے کیلئے دشمنوں کے پروپگنڈوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی خواہش کے بر خلاف اللہ تعالی نے وہ کام کیا جس سے دنیا نے ایرانی عوام کی یکجہتی و اتحاد کا مشاہدہ کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کل رات صوبہ مازندران میں بحران سے نمٹنے کیلئے ہم آہنگی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ہر چند کہ حالیہ سیلاب سے لوگوں کو نقصان پہنچا تاہم اس سانحہ میں ایرانی عوام نے ایک بار پھر اپنے اتحاد و یکجہتی سے دشمنوں کو مایوس کیا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی اور صیہونی حکام نے ایران میں آنے والے سیلاب سے ایرانی عوام کو شیعہ و سنی، ترکمن و فارس کے ذریعے آپس میں لڑانے کی کوشش کی جس میں انھیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ یکجہتی واتحاد کا مظاہرہ کیا اور مسلح افواج،ایرانی عوام اور دوسرے محکموں نےسیلاب متاثرین کی بھرپور امداد و مدد کی اور ریسکیو کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
صدر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام منہ زوروں اور جارحیت کرنے والوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گی۔