ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی اقدام کی کوئی بھی کوشش خودکشی کےمترادف ہو گی۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعے کو مونیخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی این بی سی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف عراق کی جنگ کی حمایت کرنے والے ہی ایران کے خلاف جنگ کی سازش رچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ انھیں پتہ چلے گا کہ ایران کے خلاف جنگ ان کی خودکشی کا باعث ہو گی۔
محمد جواد ظریف نے ایران میں عوام کو قدرت و طاقت کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ ٹرمپ حکومت کے بعض عہدیدار ایران کے خلاف جنگ کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ ان کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکہ کی ٹرمپ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر تیرہ برس تک مذاکرات ہوئے ہیں اور پھر یہ کہ ٹرمپ پر، جو بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی نہیں کرتے، کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے؟۔
ایران کے وزیر خارجہ نے متعدد بین الاقوامی معاہدوں سے امریکہ کی علیحدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اب دوبارہ مذاکرات نہیں کرے گا اور امریکہ کے ایسے صدر پر اعتماد نہیں کرے گا جو اپنے ہی دستخط کے بھی پابند نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ کے اقتدار میں آنے کے بعد ٹرمپ نے گذشتہ سال مئی میں بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی اور ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کا اعلان کر دیا۔