اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ جن ملکوں کی فوجیں شامی حکومت کی اجازت اور ہم آہنگی کے بغیر شام میں موجود ہیں انہیں جلد یا بہ دیر اس ملک سے نکلنا ہی ہوگا۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری نے دمشق پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان غیر ملکی فوجوں کے انخلا کا معاملہ جو شامی حکومت کی اجازت کے بغیر اس ملک میں داخل ہوئی ہیں ایران، شام اورعراق کی مسلح افواج کے سربراہوں کے سہ فریقی اجلاس میں زیرغور آئے گا اور اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
جنرل باقری نے کہا کہ ان کے دورہ شام کا مقصد ایران، شام اور عراق کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کرنا ہے تاکہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھنے کے لئے تازہ ترین فیصلے اور ہم آہنگی کی جائے۔ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ عراق اور شام کی اعلی عسکری قیادت سے الگ الگ ملاقاتوں میں بھی ان دونوں ملکوں کے ساتھ ایران کی مسلح افواج کے تعاون کے بارے میں بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ پچھلے چند برسوں کے دوران ایران، شام، روس، عراق اور استقامتی گروہوں کے درمیان بہترین اور غیر معمولی ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے جس کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔