ایران کے وزیردفاع جنرل امیر حاتمی نے ریڈار اور میزائل کے سسٹم کے لئے تین سو دس قسم کے پرزوں کی ایرانی ماہرین کے ہاتھوں ڈیزائننگ اور پروڈکش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ان جدید پرزوں کے پروڈکشن سے ملک کو ایک سو چالیس ملین ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے پیر کو تہران میں ایران الیکٹرونک صنعت کمپنی کے ملک میں تیار کئے گئے الیکٹرونک اور مائیکرو الیکٹرونک پرزوں کی نمائش کے موقع پر کہا پابندیوں کے دور میں ریڈار اور میزائل سسٹم کے تین سو دس پرزوں کی ایرانی ماہرین کے ذریعے ڈیزائننگ اور پروڈکشن ایک انقلابی اور جہادی اقدام ہے۔ وزیردفاع جنرل حاتمی نے کہا کہ ایران کی دفاعی صنعت کے ماہرین نے اپنی داخلی توانائیوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دفاعی شعبے میں الیکٹرونک اور مائیکرو الیکٹرونک کے میدان میں انتہائی پیچیدہ وسائل و آلات تیار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ وزیردفاع نے اس نمائش کے موقع پر آٹوموبائل کی صنعت سے متعلق اہم اور جدید پروڈکشن کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف ظالمانہ پابندیوں میں شدت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ دفاعی اور آٹوموبائل کی صنعت کے شعبوں میں گذشتہ دوبرسوں کے دوران جو یہ نئی کامیابی حاصل ہوئی ہیں اس سے صرف آٹو موبائل کی صنعت میں ساٹھ ملین ڈالر سے زائد بچت ہوئی ہے۔