نریندر مودی اور اس کی پارٹی نے بھارت کو تباہ کردیا
سوشل میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کے دارالحکومت دہلی میں جامعہ ملیہ کے طلباء پر بھارتی پولیس کے وحشیانہ اور مجرمانہ تشدد کے بعد ایک ہندو طالبہ نے گریہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی اور اس کی پارٹی نے بھارت کو تباہ کردیا ہے اور بھارت اب رہنے کے قابل نہیں رہا۔ گزشتہ ہفتے بھارتی پارلیمنٹ سے منظوری اور صدر کے دستخط کے بعد قانون بن جانے والے بھارت کے متنازع ” شہریت ترمیمی بل 2019 ” کے بعد بھارت بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ دارالحکومت نئی دہلی سے لے کر آسام اور بھارت کی دیگر ریاستوں کے بڑے شہروں میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
جامعہ ملیہ میں پولیس کی جانب سے غیر قانونی طور پر طلبہ اور طالبات کی ہاسٹلز میں داخل ہونے کے خلاف نہ صرف مسلمان بلکہ ہندو طالبات نے بھی مظاہرہ کیا اور بتایا کہ کس طرح پولیس نے ہاسٹلز میں گھس کر طالبات کو ہراساں کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جامعہ ملیہ کی ہندو طالبہ انوگیا نے یونیورسٹی کے باہر روتے ہوئے میڈیا کو پولیس کے ظلم کی داستان سناتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کو تباہ کردیا ہے اور اب بھارت رہنے کے لائق نہیں رہا ۔ اس نے کہا کہ ہم ظلم کے خلاف ہیں مسلمانوں اور ہندوؤں میں تفریق ڈالنا نسل پرستی اور ظلم پر مبنی اقدام ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اسے رد کرتے ہیں۔